ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

August 14, 2025 9:46 PM

printer

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ بھارت،2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ سماجی پروگراموں کے سبب جامع اقتصادی ترقی حاصل ہوئی ہے

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج زور دے کر کہا کہ بھارت 2047 تک ایک ترقی یافتہ معیشت بننے کی راہ پر کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔ 79ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ مرمو نے اِس پیشرفت کو مجموعی اقتصادی شرح ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے کے اقدامات کے ساتھ منسلک کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک امرت کال کے دوران آگے کی جانب پیشرفت کر رہا ہے۔ اور ہر ایک شہری اپنی اہلیت کے مطابق اُس میں بھرپور تعاون دے رہا ہے۔ صدر جمہوریہ مرمو نے اِس اعتماد کا اظہار کیا کہ نوجوان، خواتین اور کمیونٹیز، جو طویل مدت تک محروم رہے ہیں، اب وکست بھارت کی قیادت کریں گے۔
صدر جمہوریہ نے پہلگام دہشت گرد حملے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کو ایک بزدلانہ اور انتہائی غیر انسانی فعل قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے آپریشن سندور شروع کرکے، اس کا فیصلہ کن طریقے پر جواب دیا، جس سے اس بات کا اظہار ہوا ہے کہ ملک کی مسلح افواج کسی بھی ایسے واقعے کا منھ توڑ جواب دینے کیلئے پوری طور پر تیار ہیں۔ صدر مرمو نے جامع اور تکنیکی صلاحیت کے ساتھ سرحد پار دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کرنے کیلئے مسلح افواج کی ستائش کی۔ انھوں نے یہ کہتے ہوئے آپریشن سندور کی ستائش کی کہ اسے دہشت گردی کے خلاف انسانیت کی جنگ میں ایک مثال کے طور پر تاریخ میں رقم کیا جائے گا۔
صدر مرمو نے کہا کہ اِس آپریشن کے دوران بھارت کا اتحاد سب سے زیادہ نمایاں رہا اور یہ اُن لوگوں کیلئے ایک منھ توڑ جواب تھا جو ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ بھارت کا اتحاد، پارلیمنٹ کے اراکین سے کثیر وفود سے بھی نمایاں ہوا ہے، جنھوں نے بھارت کے موقف کی وضاحت کرنے کیلئے مختلف ملکوں کا دورہ کیا تھا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا نے بھارت کے اس موقف کو تسلیم کیا ہے کہ یہ کبھی حملہ کرنے والا نہیں بنے گا لیکن ملک کے دفاع کیلئے بھارت کبھی بھی ہچکچائے گا نہیں۔ صدر جمہوریہ مرمو نے یہ بات کہی کہ آپریشن سندور، دفاعی شعبے میں آتم نربھر بھارت مشن کا ایک آزمائشی معاملہ بھی تھا۔ انھوں نے واضح کیا کہ ملک کی دیسی مینوفیکچرنگ بہت اعلیٰ سطح تک پہنچ گئی ہے، جو اس کی بہت سی سلامتی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھارت کو خود کفیل بناتی ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ یہ آزادی کے بعد سے بھارت کی دفاعی تاریخ میں نمایاں کامیابیاں ہیں۔ صدر جمہوریہ نے واضح کیا کہ بھارت دنیا کی بڑی معیشتوں میں سب سے زیادہ تیزی سے فروغ پاتی ہوئی معیشت ہے جس میں گذشتہ مالی سال میں چھ اعشاریہ پانچ فیصد کی گھریلو مجموعی پیداوار کی شرح نمو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں دبائو کے باوجود، اندرونِ ملک مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے اور افراطِ زر کی شرح کنٹرول میں ہے نیز برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ اچھی حکمرانی سے بڑی تعداد میں لوگوں کو غربت سے نجات دلائی گئی ہے۔ انھوں نے اِس اطمینان کا اظہار کیا کہ آمدنی میں عدم مساوات میں کمی آرہی ہے اور علاقائی تفریق ختم ہو رہی ہے۔ صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ریاستیں اور خطے، جو اِس سے قبل کمزور تر اقتصادی کارکردگی کیلئے جانے جاتے تھے، اب اپنی اصل صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں اور اصل دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت مالا پری یوجنا کے تحت قومی شاہراہ کے نیٹ ورک میں توسیع ہوئی ہے اور استحکام آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریلویز کے شعبے میں بھی ترقی ہوئی ہے۔ نئی طرح کی ٹرینیں اور جدید ٹیکنالوجیوں سے لیس ریل کے ڈبے متعارف کرائے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وادیٔ کشمیر میں ریل لنک کا افتتاح ایک بڑی پیشرفت ہے۔
صدر جمہوریہ نے واضح کیا کہ شہروں میں تیزی کے ساتھ توسیع کے مدنظر حکومت شہروں کی صورتحال کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے، جس میں میٹرو ریل کی سہولیات کو توسیع دینا شامل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت زندگی کی بنیادی ضروریات کو شہریوں کا ایک جائز حق سمجھتی ہے اور جل جیون مشن دیہی گھرانوں کو نل کے پانی کی فراہمی کرنے میں پیشرفت کر رہا ہے۔
اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے واضح کیا کہ آیوشمان بھارت کے تحت مختلف اقدامات کے ساتھ، صحت دیکھ بھال کے شعبے میں بہت بڑی تبدیلی ہوئی ہے۔ یہ اسکیم 55 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو پہلے ہی صحت دیکھ بھال کی سہولیت فراہم کرچکی ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت نے اس سہولت کو70 سال یا اُس سے زیادہ عمر کے تمام سینئر شہریوں کیلئے توسیع دے دی ہے، جس میں اُن کی آمدنی کی کوئی تفریق نہیں ہے۔
ڈیجیٹل بھارت کے موضوع پر بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تقریباً تمام گائووں میں 4 جی موبائل کنیکٹی ویٹی فراہم ہے اور باقی ماندہ چند ہزار گائووں کا جلد ہی احاطہ کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اِس سے بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل ادائیگی کی ٹیکنالوجیوں کو اپنانا ممکن ہوا ہے، جس میں بھارت بہت کم مدت میں ایک عالمی لیڈر بن چکا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، تکنیکی پیشرفت کا اگلا مرحلہ ہے اور یہ پہلے ہی لوگوں کی زندگیوں میں شامل ہوچکا ہے۔ حکومت نے ملک کی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کیلئے انڈیا-اے آئی مشن کا آغاز کیا ہے۔ یہ ایسے AI ماڈلز تیار کرنے میں بھی مدد کر رہا ہے جو بھارت کی خصوصی ضروریات کو پوری کریں گے۔ صدر جمہوریہ نے زور دے کر کہا کہ 2047 تک ایک عالمی – AI – مرکز بننے کے ضمن میں بھارت کی توجہ عام آدمی کیلئے ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی کے بہترین استعمال کرنے پر مرکوز ہوگی تاکہ بہتر ہوتی ہوئی حکمرانی کے ذریعے اُن کی زندگی کو بہتر بنایا جاسکے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ 1905 میں شروع کردہ سودیشی تحریک کو منانے کیلئے، ملک میں 7 اگست کو ہینڈ لوم کا قومی دن منایا گیا۔ صدر جمہوریہ نے زور دے کر کہا کہ سودیشی کا نظریہ، میک اِن انڈیا پہل اور آتم نربھر بھارت ابھیان جیسی قومی تحریکوں کو ترغیب دے رہا ہے۔ انھوں نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ بھارتی مصنوعات خریدیں اور استعمال کریں۔
صدر جمہوریہ نے واضح کیا کہ قومی تعلیمی پالیسی دور رَس تبدیلیاں لائی ہے جو اقدار اور روایت کے ساتھ مہارت سے سیکھنے سے مطابقت رکھتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں اور حکومت نے اُن لوگوں کیلئے انتہائی موافق ایکو نظام وضع کیا ہے جو صنعتکار بننا چاہتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت کے خلائی پروگرام میں غیر متوقع توسیع ہوئی ہے، جس کی قیادت نوجوان ذہن کر رہے ہیں۔
انھوں نے اِس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ بین الاقوامی خلائی مرکز تک شبھانشو شُکلا کے خلائی سفر نے پورے ملک کو بڑے خواب دیکھنے کی ترغیب دی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ بھارت کے آئندہ کے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام  ’’گگن یان‘‘ کیلئے انتہائی پُرامید ثابت ہوگا۔
کھیل کود اور گیمز میں ملک کی پیشرفت کے بارے میں صدر جمہوریہ مرمو نے اعتماد ظاہر کیا کہ بھارت، قومی اسپورٹس پالیسی 2025 میں شامل نظریے کے تحت، اپنے آپ کو کھیل کود کا ایک عالمی پاور ہائوس بنائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کھیل کود، مہارت، تفویض اختیارات اور صلاحیت کے اہم اشاریوں میں شامل ہیں۔
انھوں نے اِس بات پر فخر ظاہر کیا کہ بھارت کی ایک 19 سالہ لڑکی اور ایک 38 سالہ خاتون، شطرنج کی چمپئن شپ کیلئے FIDE خواتین کے عالمی کپ میں فائنل میں پہنچنے والی کھلاڑیوں میں شامل تھیں۔
صدر جمہوریہ مرمو نے واضح کیا کہ روزگار میں صنعتی تفریق میں بھی کمی ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ناری شکتی وَندن ادھینیم کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانا اب کوئی نعرہ نہیں رہا، بلکہ ایک حقیقت ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ درجِ فہرست ذاتوں، درجِ فہرست قبائل، پسماندہ طبقات اور دیگر برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اب محروم نہیں رہے ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ بھارت اپنی اصلی صلاحیت کو حاصل کرنے کیلئے تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
صدر جمہوریہ نے واضح کیا کہ بھارت دنیا کی قدیم ترین جمہوریتوں میں سے ایک ہے اور اِسے جمہوریت کی ماں کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ایسے جمہوری ادارے قائم کئے ہیں جنھوں نے جمہوریت پر عمل کرنے کے کام کو مستحکم کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک اپنے آئین اور جمہوریت کو ہر کسی چیز سے بالاتر سمجھتا ہے۔ صدر جمہوریہ مرمو نے ہر کسی پر زور دیا کہ وہ ماحول کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو، آب وہوا کی تبدیلی کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے، اپنے آپ کو بھی تبدیل کرنا چاہئے۔