صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نوجوان ڈاکٹروں سے معاشرے کے ان طبقات کے لیے کام کرنے پر زور دیا ہے جنہیں طبی خدمات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے اِس بات کا خاص طور سے ذکر کیا کہ کئی دیہی اور قبائلی علاقوں میں اب بھی اعلیٰ معیار کی صحت خدمات موجود نہیں ہیں۔ آج ایمس گورکھپور کے پہلے تقسم اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ملک کی ترقی میں انتہائی اہم رول ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ نہ صرف مرض کا علاج کرتے ہیں بلکہ ایک صحت مند معاشرے کے لیے بنیاد بھی فراہم کرتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہوتا ہے لیکن ہمدردی کے جذبے کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے۔
انہوں نے طبی تعلیم سے وابستہ سبھی فریقوں پر بھی زور دیا کہ وہ مستقبل کے ڈاکٹروں کے لیے ایک ایسا ایکو نظام فراہم کریں جس سے وہ ڈاکٹر – مریض رابطے اور شفایابی اور اعتماد سازی کے رول جیسے موضوعات کو سیکھ سکیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ ایمس ملک کی طبی صلاحیت کی علامت ہیں، جہاں ہر مریض امید کی ایک نئی کرن دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ AIIMS نے طبی تعلیم، تحقیق اور علاج کے شعبوں میں اعلیٰ معیارات قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے بھارت میں علاج و معالجہ کم خرچ والا ہے اور اسی لیے ملک میں طبی سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گذشتہ کچھ برس میں ریاست میں صحت خدمات میں کئی گنا بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ AIIMS گورکھپور، نہ صرف ریاست بلکہ بہار اور نیپال کے مریضوں کو بھی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
اِس سے قبل دن میں صدر جمہوریہ نے بریلی میں Indian Veterinary Research Institute کے گیارہویں تقسیم اسناد تقریب سے خطاب کیا تھا۔×