صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ بھارتی لوگ ملکوں کو فتح کرنا نہیں چاہتے، وہ دلوں کو جیتنا چاہتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے آج پرتگال کے شہر لِسبن میں Champalimaud سینٹر میں تحقیق کرنے والے بھارتی اسکالرس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ محترمہ دروپدی مرمو نے، مذکورہ سینٹر میں کام کرنے والے بھارتی تحقیق کاروں کو ملک کے پرچم بردار قرار دیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان تحقیق کاروں نے بھارت کی شان بڑھانے میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔
اِس سے پہلے جنوبی یوروپی ملک پرتگال کے اپنے دورے کے دوسرے اور آخری دن صدر جمہوریہ نے وہاں کی اسمبلی کے اسپیکر سے بالمشافہ ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح کی بات چیت بھی کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ بات چیت مفید رہی اور فریقین نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طور طریقوں پر تبادلہئ خیال کیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پرتگال کی پارلیمنٹ کے ارکان کے ساتھ گفتگو کی اور بھارت – پرتگال پارلیمانی دوستی گروپ کے ارکان کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
صدر جمہوریہ پرتگال اور سلوواکیہ کے اپنے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں کل لسبن پہنچی تھیں۔ انہوں نے پرتگال کے اپنے ہم منصب Marcelo Rebelo de Sousa کے ساتھ وفود کی سطح کی بات چیت کی۔×