صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج نئی دلّی میں یومِ آئین کے موقع پر سمویدھان سدن کے سینٹرل ہال میں آئین کی تمہید پڑھنے کی قیادت کی۔
اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ آئین ہماری قومی شناخت کی بنیاد ہے اور ملک کی ترقی کیلئے رہنمائی فراہم کرتا ہے نیز نوآبادیاتی ذہنیت کی جگہ قومی ویژن کی تعمیر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین، عوام کی امنگوں کے اظہار کیلئے انتہائی موثر فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ملک کا آئین، کروڑوں ہموطنوں کی اجتماعی فراست، قربانیوں اور خوابوں کا مظہر ہے، جنہوں نے آزادی کیلئے جدوجہد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عظیم اسکالروں، مسودہ ساز کمیٹی اور آئین ساز اسمبلی کے ارکان نے کروڑوں بھارتیوں کی امیدوں، خوابوں اور امنگوں کو پورا کرنے کیلئے گہرے غور و فکر سے کام لیا۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئین کی رہنمائی میں ملک نے بہتر طرزِ حکمرانی اور سماجی و اقتصادی ترقی کی ایک اہم تبدیلی کی جانب سفر شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئین پر مکمل طور سے عمل کیا جاتا ہے تو بھارت، 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے گا۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ نے آئین کے ترجمہ شدہ نسخے جاری کیے، جو 9 زبانوں، ملیالم، مراٹھی، نیپالی، پنجابی، بوڈو، کشمیری، تیلگو، اُڑیہ اور آسامی میں شائع کیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یومِ آئین کے موقع پر بھارت کے شہریوں کے نام خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے 1949 میں آئین کو اختیار کیے جانے کے تاریخی واقعے کو یاد کیا۔ ملک کی ترقی کی رہنمائی میں آئین کے پائیدار کردار کو اجاگر ہوئے، جناب مودی نے اپنے خط میں کہا کہ 2015 میں حکومت نے مقدس دستاویز کے اعزاز میں 26 نومبر کو یومِ آئین کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے فرائض کو اپنے ذہنوں میں اولین ترجیح دیں کیونکہ بھارت ایک ترقی یافتہ اور بااختیار ملک کی تعمیر کے ویژن کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جناب مودی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرکے جمہوریت کو مضبوط بنائیں۔پارلیمنٹ اور آئین کے تئیں اپنے احترام کا اظہار کرتے ہوئے، جنوب مودی نے اجاگر کیا کہ کس طرح آئین نے عام پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو بااختیار بنایا ہے اور اعلیٰ ترین سطح پر ملک کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔ x