صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے Crew 9 مشن کی زمین پر بحفاظت واپسی پر ناسا کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں صدرمرمو نے کہا کہ بھارت کی بیٹی سنیتا ولیمس اور ان کے ساتھی خلابازوں نے اپنی استقامت، لگن اور اٹوٹ جذبے سے ہرایک کو حوصلہ بخشا ہے۔صدرجمہوریہ نے خلابازوں کی مضبوط عزم کی ستائش کی اور ان کی اچھی صحت کی دعا کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے Crew 9 مشن کے زمین پر بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے کی جانے والی انتھک کوششوں کی ستائش کی ہے اور مبارک باد دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ سُنیتاولیمس اور Crew 9 خلانوردوں نے ایک بار پھر دکھادیا ہے کہ استقلال اور استقامت کے حقیقت میں کیا معنیٰ ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ اس سلسلے میں ان کا غیر متزلزل عزم ہمیشہ لاکھوں لوگوں کو تحریک دیتا رہے گا۔ سنیتا ولیمس کے جذبے اور کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ سنیتا ولیمس نے اپنے پورے کریئر میں اس جذبے کی ایک مثال پیش کی ہے۔
وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی سنیتاولیمس سمیت ناسا کے Crew 9 کو زمین پر بحفاظت واپس آنے پر مبارکباد دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کی بیٹی سنیتاولیمس اور دوسرے خلابازوں پر مشتمل عملے کے افراد نے انسانی تحمل اور استقامت کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے Crew کی لگن کی تعریف کی اور خلائی تحقیق کیلئے اسے فخر کا لمحہ قرار دیا۔سائنس اور ٹکنالوجی کے وزیر مملکت جتیندرسنگھ نے بھی سنیتاولیمس کی واپسی کو فخر کا لمحہ قرار دیاہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس ہونہار بیٹی کی بحفاظت واپسی کا پوری دنیا جشن منارہی ہے۔