صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج نئی دلّی میں ”ویر بال دیوس“ کے موقعے پر ”پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار“ عطا کریں گی۔
خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزارت نے بتایا کہ اس سال 18 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 20 بچوں کو اس اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ بہادری، کھیل کود اور سماجی خدمات پر مشتمل مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے انہیں اس اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی بھارت منڈپم میں ”ویر بال دیوس“ کے موقعے پر قومی سطح کے اس پروگرام میں بچوں اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ پردھان منتری راشٹریہ بال پُرسکار کے ایوارڈ یافتگان بھی اس پروگرام میں موجود رہیں گے۔
ویر بال دیوس کے موقع پر حکومت ملک بھر میں شراکت پر مبنی پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاحبزادوں کی غیر معمولی ہمت اور عظیم قربانی کے بارے میں بتایا جا سکے اور بھارت کی تاریخ کے نوجوان ہیروز کی بہادری،قربانی اور شجاعت کا احترام اور یاد کیا جا سکے۔ سرگرمیوں میں داستان گوئی کے سیشن، نظمیں پڑھنے، پوسٹر بنانے اور مضمون نویسی وغیرہ کے مقابلے شامل ہیں۔ ان کا انعقاد اسکولوں، بچوں کی دیکھ بھال کے اداروں، آنگن واڑی مراکز اور دیگر تعلیمی پلیٹ فارم پر کیا جائے گا۔ ویر بال دیوس شری گروگووند سنگھ جی کے نوجوان بیٹوں بابا زور آور سنگھ جی اور بابا فتح سنگھ جی کی بہادری اور قربانی کے احترام میں منایا جاتا ہے۔ ہر سال بال دیوس منانے کا اعلان پہلی بار وزیراعظم نریندر مودی نے جنوری 2022 میں گرو گووند سنگھ جی کے پرکاش پورب کے دوران کیا تھا۔