December 4, 2025 3:34 PM

printer

صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیرِ اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے آج بحریہ کے یومِ تاسیس کے موقع پر بھارتی بحریہ کے سبھی اہلکاروں کو مبارکباد دی ہے

صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیرِ اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے آج بحریہ کے یومِ تاسیس کے موقع پر بھارتی بحریہ کے سبھی اہلکاروں، سابق اہلکاروں اور اُن کے ارکانِ خاندان کو مبارکباد دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر، صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے، اِس بات کو اجاگر کیا کہ تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے اور بحری معیشت کو مستحکم بنانے سے لے کر انسانی ہمدردی کے مشنوں تک، بھارتی بحریہ نے ڈسپلن، ہمدردی اور ذمہ داری کی مثال پیش کی ہے۔ نائب صدر رادھا کرشنن نے کہا کہ بھارتی بحریہ ملک کی بحری طاقت، چوکسی اور اُس کے قومی مفادات کے تحفظ کے تئیں پختہ عزم کی علامت ہے۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر اِس بات کا تذکرہ کیا کہ انہوں نے INS وِکرانت میں سوار بحریہ کے اہلکاروں کے ساتھ اِس سال دیوالی منائی تھی اور اسے کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ بحریہ کے سبھی اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ بھارتی بحریہ غیرمعمولی دِلیری اور پختہ عزم کا نام ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی بحریہ نے حالیہ برسوں میں خودکفالت اور جدید کاری پر توجہ مرکوز کی ہے، جس سے ملک کے سکیورٹی نظام کو وسعت حاصل ہوئی ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے بھی بھارتی بحریہ کے یومِ تاسیس کے موقع پر بحریہ کے اہلکاروں کو مبارکباد دی ہے۔x