شہری ہوا بازی کے وزیر K رام موہن نائیڈو نے آج بتایا کہ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل DGCA نے34بوئنگ787طیاروں کی مزید نگرانی اور معائنے کا حکم دیا ہے جو اس وقت بھارتی طیاروں کے بیڑے میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے آٹھ طیاروں کا پہلے ہی فوری طور پر معائنہ کیا جا چکا ہے۔ آج نئی دلّی میں نامہ نگاروں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ سیکرٹری، اس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔
حکومت نے جمعرات کو احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پروازAI-171کے حادثے کے شکار ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کثیر شعبہ جاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر، شہری ہوا بازی کی وزارت نے کہا کہ مذکورہ کمیٹی ایسے واقعات اور حادثات کی روک تھام کیلئے جاری کیے گئے معیاری طریقۂ کار اور رہنما خطوط کا جائزہ لے گی۔ یہ کمیٹی مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے جامع رہنما خطوط بھی تجویز کرے گی۔ طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہے اور متعدد ایجنسیاں تحقیقات میں شامل ہو گئی ہیں۔ اس حادثے میں طیارے میں سفر کر رہے241 افراد سمیت کم سے کم 254 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایئر انڈیا، طیارہ حادثے کے مہلوکین اور زندہ بچ جانے والے افراد کے اہل خانہ کو پچیس پچیس لاکھ روپے کی رقم فراہم کرے گی تاکہ فوری طور پر اُن کی مالی ضرورتوں کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔ ایک بیان میں ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ یہ رقم، ٹاٹا گروپ کی طرف سے اعلان کردہ ایک کروڑ روپے کی مدد کے علاوہ ہے۔ ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ وہ مسافروں کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، جنہوں نے اِس المناک حادثے میں اپنی جانیں گنوا دیں۔ ایئر انڈیا نے مزید کہا ہے کہ زمینی سطح پر موجود اُس کی ٹیمیں، اِس مشکل گھڑی میں اُن کی دیکھ بھال اور مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔
Site Admin | June 14, 2025 10:01 PM
شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے بھارتی ہوائی جہازوں کے بیڑے میں بوئنگ787 طرز کے 34 ہوائی جہازوں کی توسیع شدہ نگرانی کے احکامات دیئے ہیں۔
