شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے کہا ہے کہ DGCA کے تحت کام کرنے والے کرایوں کی نگرانی سے متعلق یونٹ کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ ہوائی جہازوں کے کرائے پر قریبی نظر رکھی جاسکے۔ آج راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ گھریلو پروازوں کے کرایوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں پر بھی نگرانی رکھی جارہی ہے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ حالیہ IndiGo بحران کے پیشِ نظر، جس کے سبب بڑے پیمانے پر پروازیں منسوخ ہوئی تھیں، وزارت نے کارروائی کی اور ہوائی جہاز کے کرایوں کی حد مقرر کی ہے اور انہیں کفایتی اور سب کیلئے قابلِ رسائی بنایا ہے۔
شہری ہوا بازی کے وزیر نے کہا کہ ایئر سیوا پورٹل پر کرایوں کی نگرانی سے متعلق سہولت فراہم کی گئی ہے اور اگر کسی مسافر کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ہوائی جہاز کا کرایہ کافی زیادہ ہے تو وہ وزارت کے پورٹل پر اسکرین شاٹ بھیج سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معلومات موصول ہونے پر، وزارت متعلقہ ایئرلائن کے خلاف کارروائی کرے گی۔x