October 21, 2025 9:29 PM

printer

محکمہ موسمیات نے کیرالہ، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں انتہائی تیز بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے

بھارتی محکمۂ موسمیات نے کیرالہ، ماہے، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں اگلے دو دن کے دوران انتہائی تیز بارش سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے آندھرا پردیش، ساحلی کرناٹک اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں بھی کل، موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مزید کہا کہ انڈمان و نکوبار جزائر، کرناٹک، کیرالہ، ماہے، لکشدیپ، اڈیشہ اور تلنگانہ کے مختلف مقامات پر کل بجلی کی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے قومی راجدھانی دلّی میں کل کیلئے کم از کم درجۂ حرارت 19 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

شمال مشرقی مانسون کی وجہ سے پڈوچیری اور کرائیکل خطوں میں کل رات سے رُک رُک کر تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آج صبح دو گھنٹے ہوئی تیز بارش کے بعد پڈوچیری کے کرشنا نگر، وینکٹ نگر اور ریمبو نگر جیسے نشیبی علاقوں سے پانی بھرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اِس سے پہلے دن بھر رُک رُک کر بارش ہوتی رہی۔ PWD اہلکار، متاثرہ علاقوں سے پانی باہر نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔Karikkalampakkam جیسے دیہی علاقے میں پانی زرعی زمینوں پر جمع ہوگیا ہے، جس سے 200 ایکڑ سے زیادہ رقبے پر کھڑی دھان کی فصل ڈوب گئی ہے اور کسان پریشان ہیں۔ماہی پروری اور ماہی گیروں کی بہبود کے کرائیکل دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج سے لے کر اگلے نوٹس تک سمندر میں نہ جائیں۔ انہوں نے پہلے سے سمندر میں موجود ماہی گیروں کو بھی فوری واپسی کا مشورہ دیا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔