سی پی رادھا کرشنن کو بھارت کے پندرھویں نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کا حلف دلایا گیا۔ آج صبح صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں انھیں حلف دلایا۔
اس موقعے پر وزیر اعظم نریندر مودی، سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، سابق نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اور مرکزی وزراء امت شاہ، راجناتھ سنگھ، جے پی نڈّا، پیوش گوئل اور نتن گڈکری بھی موجود تھے۔ حلف برداری کے بعد نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے دلّی کے راج گھاٹ میں مہاتما گاندھی کو گلہائے عقیدت نذر کئے۔ انھوں نے Sadaiv Atal پر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جناب رادھا کرشنن کے لیے، عوام کی خدمت کے تئیں، خود کو وقف کر دینے کی ایک کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات پیش کیے۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں جناب مودی نے جناب رادھا کرشنن کو ایک مخلص عوامی خدمت گار قرار دیا اور کہا کہ انھوں نے اپنی زندگی ملک کی تعمیر، سماجی خدمت اور جمہوری اقدار کو مستحکم کرنے کیلئے وقف کردی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی نائب صدر جمہوریہ کو مبارکباد دی۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں جناب شاہ نے کہا کہ جناب رادھا کرشنن کی قابلیت اور تجربے سے ملک کا جمہوری عمل مزید مستحکم ہوگا جس سے عوام کی خدمت اور بہتر طور پر ممکن ہوسکے گی۔ اِس مہینے کی9 تاریخ کو ہونے والے نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب میں، NDA کے امیدوار رادھا کرشنن کو452ووٹ ملے تھے۔ انہوں نے I.N.D.I.A بلاک کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کو 152 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔