سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے محکمے کے وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ بھارت دنیا میں تیسری سب سے بڑی آٹوموبائل صنعت کے طور پر ابھرا ہے۔ آج نئی دلّی میں عالمی بائیو ایندھن کے دن کے موقعے پر سبز انقلاب 2025 سے خطاب کرتے ہوئے جناب گڈکری نے کہا کہ سردست امریکہ کی موٹرگاڑیوں کی صنعت 78 لاکھ کروڑ روپئے مالیت کی ہے جبکہ چین کی 49 لاکھ کروڑ روپئے اور بھارت کی 22 لاکھ کروڑ روپئے مالیت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ موٹرگاڑیوں کی صنعت میں اب تک ساڑھے چار کروڑ ملازمت کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
جناب گڈکری نے بھارت کے مستقبل کے توانائی کے منظرنامے کیلئے گرین ہائیڈروجن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ملک کا Ethanol کی آمیزش کا پروگرام 2024 میں 15 فیصد تک پہنچ گیا، جو 2025-26 تک 20 فیصد کے نشانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔