سپریم کورٹ نے مرکز سے کہا ہے کہ وہ معذور افراد کے خلاف ہتک آمیز الفاظ استعمال کرنے والوں کے ساتھ نمٹنے کیلئے کوئی سخت قانون بنانے کے بارے میں غور کرے۔ معذور افراد کے وقار کے تحفظ کیلئے سخت قانون بنانے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج مرکز سے کہا کہ وہ کوئی ایسا قانون وضع کرنے پر غور کرے، جس سے معذور افراد اور اپنی نوعیت کی منفرد جینیاتی دشواریوں میں مبتلا افراد کا مذاق اڑانے کیلئے ادا کئے گئے ہتک آمیز الفاظ کو SC-ST قانون کی طرح کی ایک قابل سزا خلاف ورزی سمجھا جائے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوائے مالیہ باگچی پر مشتمل ایک بینچ نے کہا کہ ایک غیر جانبدار، آزاد اور خودمختار ادارے کی ضرورت ہے جو آن لائن پلیٹ فارموں پر بداخلاقی پر مبنی خلاف ورزی کرنے والے یا غیرقانونی مواد کو منضبط کرے۔مرکز کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تُشار مہتا نے کہا کہ کسی کے وقار کو دائو پر لگا کر مذاق نہیں کیا جاسکتا۔