ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

October 28, 2025 9:41 PM

printer

سمندری طوفان مونتھا کے سبب آندھراپردیش کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش شروع ہوگئی ہے۔ آندھراپردیش کے 19 اور اڈیشہ کے 8 اضلاع میں بارش کیلئے ریڈالرٹ جاری کیا گیا ہے

اڈیشہ میں شدید سمندری طوفان مونتھا کے پہنچنے اور اُس کے پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں کاکی ناڑہ سے گذرنے کے پیش نظر ریاست کے جنوبی اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس صورتحال کے سبب اڈیشہ حکومت نے نشیبی علاقوں سے لوگوں کو منتقل کردیا ہے تاہم بارش اور تیز ہوائوں کے سبب اڈیشہ کے مختلف جنوبی اضلاع میں مکانات کو نقصان پہنچنے اور پیڑوں کے اُکھڑنے کے علاوہ چٹانوں کے ٹکڑے گرنے کی خبریں ملی ہیں۔ متاثرہ افراد کی مدد کیلئے NDRF کی تقریباً 140 بچائو ٹیمیں، اڈیشہ ریپڈ ایکشن فورس اور فائر سروس کو اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ اڈیشہ حکومت نے طوفان مونتھا کے دوران ریاست میں کوئی بھی جانی نقصان نہ ہونے کیلئے سبھی ضروری اقدامات کئے ہیں۔ اس طوفان کے آج دیر رات اور کَل صبح سویرے کے درمیان اڈیشہ کے جنوبی اضلاع سے گزرنے کا امکان ہے۔
شدید سمندری طوفان مونتھا کاکی ناڑہ اور مچھلی پٹنم کے درمیان آندھراپردیش کے ساحل پر پہنچ گیا ہے جس کے سبب تیز ہوائیں اور موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ تقریباً 17 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گذرنے والا یہ طوفان مچھلی پٹنم سے 120 کلو میٹر، کاکی ناڑہ سے 110 کلو میٹر اور وشاکھاپٹنم سے 220 کلو میٹر حصے میں مرکوز ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اِس کے ساحل سے پوری طرح گزرنے میں مزید تین سے چار گھنٹے کا وقت لگے گا۔
سمندری طوفان اِس وقت 90 اور 100 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائوں کے ساتھ کاکی ناڑہ کے نزدیک علاقوں میں نقصان پہنچا رہا ہے۔ رات بھر اور کَل صبح سویرے شدید سے بہت شدید بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ نیلور ضلعے میں اب تک سب سے زیادہ بارش درج کی گئی ہے۔ مونتھا کا 22 اضلاع کے تقریباً 400 منڈل پر اثر ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے تقریباً 500 کنٹرول روم اور ایک ہزار 200 راحت مراکز قائم کئے ہیں اور 75 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے۔ 200 سے زیادہ میڈیکل کیمپ تیار کئے گئے ہیں اور 80 وائر لیس ٹاور ہنگامی مواصلاتی رابطے کیلئے تیار ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں سڑک، ریل اور فضائی خدمات معطل ہیں۔ حکام نے تین کروڑ 60 ہزار افراد کو موبائل پر الرٹ جاری کیا ہے۔
آفات ناگہانی سے نمٹنے کی قومی فورس NDRF نے سمندری طوفان Montha کے پیش نظر 6 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 26 ٹیمیں تعینات کی ہے۔ بارہ ٹیموں کو آندھرا پردیش اور 6 کو اڈیشہ میں تعینات کیا گیا ہے۔ NDRF کی ٹیمیں، تمل ناڈو، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور پڈوچیری میں بھی تعینات کی گئی ہیں۔
نئی دلّی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے NDRF کے کمانڈینٹ گیانیشور سنگھ نے کہا کہ طوفان کے پیش نظر ہماری فورس الرٹ پر ہیں اور وہ IMD کی طرف سے جاری بلیٹنوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 19 ٹیموں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔