سری لنکا میں قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق سینٹر کے مطابق حالیہ برسوں میں آئے سب سے شدید طوفانوں میں سے ایک سمندری طوفان Ditwah کے سبب مرنے والوں کی تعداد 334 ہوگئی ہے، جبکہ 370 افراد لاپتہ ہیں۔
کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب اور زمینی تودے کھسکنے کی وجہ سے رابطہ منطقع ہوگیا ہے۔ بھارت نے آپریشن ساگر بندھو کے تحت بچاؤ کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ بھارت نے اِس طوفان سے شدید طور پر متاثر ہونے والے خطوں میں ہیلی کاپٹر اور NDRF کی ٹیموں کو تعینات کیا ہے۔
سری لنکا میں پھنسے ہوئے بھارتی مسافروں کو کَل ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھارت لایا گیا تھا۔
اس دوران سری لنکا کے صدر Anura Kumara Dissanayake نے اپنے خطاب میں اِس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں کو تیزی سے انجام دیا جائے گا۔ سری لنکا اور بھارتی فضائیہ بڑے پیمانے پر بچاؤ کارروائیاں انجام دے رہی ہے۔
اِس دوران Mavil Aru Tank، Kotmale سے 211 لوگوں کو بحفاظت نکالا گیا ہے۔
سری لنکا میں بچاؤ ٹیموں کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں نے کَل زخمیوں کو بحفاظت نکالا اور لوگوں کو راحت سامان فراہم کیا۔ اِس کے علاوہ Puttalam اور Badulla میں NDRF کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ راستوں کو عبور کر رہی ہیں اور دور دراز مقامات پر پھنسے ہوئے کنبوں کو بچانے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اِس دوران مقامی حکام نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے اور دریاؤں میں پانی کی سطح بہت زیادہ بڑھ جانے کے سبب زمینی تودے کھسکنے کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ایمرجنسی شیلٹروں میں لوگ جمع ہیں اور رضاکار کھانا، دوا اور صاف پانی پہنچانے میں مصروف ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ لاپتہ لوگوں کی بازیافت اور جن علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے وہاں تک رسائی حاصل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔