سرگرم حکمرانی اور بروقت نفاذ سے متعلق وزیر اعظم کے سرکردہ پلیٹ فارم PRAGATI نے اپنی 50 ویں میٹنگ کے کامیاب انعقاد کے ساتھ ایک اہم سنگِ میل طے کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2015 میں اس کا آغاز کیا تھا اور اُس وقت سے PRAGATI پلیٹ فارم نے وزیر اعظم کے براہِ راست جائزے کے ذریعے حکمرانی کے عمل کی کایا پلٹ کی ہے اور ایسا بروقت نگرانی اور بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں اور دیگر عوامی شکایات کا ازالہ کر کے کیا گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم امداد باہمی پر مبنی وفاقیت کی ایک بہترین مثال ہے، جو مرکز، ریاستوں اور مرکزی وزارتوں کو ایک ہی ڈیجیٹل انٹرفیس پر یکجا کرتا ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران، پرگتی نے فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنے، اہم بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں میں تاخیر کا سبب بننے والے مسائل کے حل اور جوابدہی کی مضبوط ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
آج، اِس خصوصی سیریز میں ہم وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے تحت آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ناگپور کے قیام پر ایک نظر ڈال رہے ہیں۔
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ناگپور کو مہاراشٹر کے مشرقی حصے میں کلیدی اہمیت کے حامل ایک صحت ادارے کے طور پر قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد وِدربھ خطے اور ناگپور شہر کیلئے جدید طبی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانا ہے۔ اِس پروجیکٹ کا آغاز 7 اکتوبر 2015 کو ہوا اور اِسے صحت کے بنیادی ڈھانچے کے ایک بڑے پروجیکٹ کے طور پر لیا گیا، جس کیلئے منظور شدہ لاگت 1 ہزار 577 کروڑ روپے تھی۔
خطے میں صحت عامہ کیلئے اِس کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، اِس پروجیکٹ کا جائزہ 30 اگست 2017 کو پرگتی نظام کے تحت وزیرِ اعظم نریندر مودی نے لیا۔ عمل درآمد کے دوران، پانی کی نکاسی کے نظام سے متعلق مسائل سامنے آئے، جنہیں مختلف محکموں کے درمیان مربوط کوششوں کے ذریعے حل کیا گیا۔
مرکوز نگرانی اور عمل درآمد سے متعلق چیلنجز کو بروقت حل کرتے ہوئے، اِس پروجیکٹ نے 100 فیصد فیزیکل پیش رفت حاصل کی اور 30 دسمبر 2021 کو مکمل ہوا۔ AIIMS ناگپور کا قیام اور اُس کا کامیاب طور پر کام کاج کرنا، مہاراشٹر کے عوام کیلئے وزیرِ اعظم کے پختہ عزم اور عالمی معیار کی صحت کی سہولیات تک رسائی میں علاقائی عدم توازن کو درست کرنے کی عکاسی ہوتی ہے۔
یہ ادارہ ودربھ کو ایک ترقی یافتہ، خود کفیل اور مواقع سے بھرپور خطہ بنانے کے وزیر اعظم کے وسیع تر نظریے کی علامت ہے۔ AIIMS ناگپور بنیادی طور پر ودربھ خطے کی صحت کی ضروریات پوری کرتا ہے، جس کی آبادی تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ ہے۔ اِس کے علاوہ ناگپور ضلع کی تقریباً 46 لاکھ 53 ہزار آبادی بھی اِس سے مستفید ہوتی ہے۔