امور داخلہ کی وزارت نے بیرونِ ملک آباد بھارتی شہریوں OCI سے متعلق ضابطوں کو سخت بنا دیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ اگر کسی شخص کو دو سال یا اِس سے زیادہ کی قید کی سزا سنائی جاتی ہے، یا اُسے سات سال یا اِس سے بھی زیادہ قید کی سزا کے جرم کے لیے چارج شیٹ کیا جاتا ہے تو OCI رجسٹریشن منسوخ کردیا جائے گا۔ بھارتی قانون کے تحت جرم کے زمرے میں آنے والے کسی بھی معاملے میں اِس کا اطلاق ہوگا، خواہ یہ سزا بھارت میں دی گئی ہو یا بیرونِ ملک۔
اِس اقدام کا مقصد OCI رتبے سے متعلق قانونی فریم ورک کو سخت بنانا ہے، جس کے تحت بھارت نژاد غیر ملکی شہریوں کو بعض حقوق اور مراعات حاصل ہیں۔
امور داخلہ کی وزارت کا یہ نوٹیفکیشن شہریت ایکٹ 1955 اور شہریت سے متعلق 2009 کے ضابطوں کی دفعات کے تحت جاری کیا گیا ہے، جس کی رُو سے مرکزی سرکار کو مخصوص حالات میں OCI رجسٹریشن منسوخ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
حالیہ برسوں میں وزارتِ داخلہ نے ایسے واقعات کے بعد OCI اسکیم کو اور زیادہ منضبط کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، جہاں OCI کارڈ رکھنے والے افراد مجرمانہ یا ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
سرکار کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ایک طرح کی رعایت ہے، کوئی حق نہیں اور اگر متعلقہ شخص بھارتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اِسے واپس لیا جا سکتا ہے۔ اِس اقدام سے OCI اسکیم کا بیجا استعمال کرنے کی حوصلہ شکنی کی جا سکے گی۔x