January 23, 2026 9:53 AM | GOVT CENSUS

printer

سرکار نے، اُن سوالات کو نوٹیفائی کر دیا ہے، جو پہلی اپریل سے شروع ہونے والی مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے میں لوگوں کے سامنے رکھے جائیں گے۔

سرکار نے، ایسے 33 سوالوں کو نوٹیفائی کیا ہے، جو پہلی اپریل سے شروع ہونے والی مردم شماری کے پہلے مرحلے کے دوران شہریوں کے سامنے رکھے جائیں گے۔ مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے میں 30 دن کی مدّت کے دوران گھروں کی گنتی کی جائے گی۔ ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سرکار پہلی اپریل اور 30 ستمبر کے درمیان اس مدّت کا تعین کرے گی۔

اس مرحلے میں، مردم شماری سے وابستہ اہلکار مکان کی ملکیت، اس کے استعمال، اس کے فرش اور چھت میں استعمال ہونے والے میٹیریئل کی نوعیت، کمروں کی تعداد اور کنبے کے سربراہ کے مرد یا عورت ہونے سے متعلق سوال شامل ہوں گے۔ اس کے بعد مکان کے استعمال، اس کی حالت اور وہاں عام طور پر رہنے والے افراد کی تعداد کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔ متعلقہ اہلکار کنبے کے سربراہ کے تعلق سے یہ بھی پوچھیں گے کہ اُس کا تعلق درجِ فہرست ذاتوں، درجِ فہرست قبیلوں یا کس دیگر طبقے سے ہے۔ لوگوں سے مکان میں بنیادی سہولیات کے بارے میں بھی پوچھا جائے گا، جس میں پینے کے پانی کے اصل وسیلے، روشنی، بیت الخلا کی نوعیت، کوڑے کچرے کو ٹھکانے لگانے، LPG اور PNG کنیکشن نیز کھانا پکانے کیلئے استعمال ہونے والے اصل ایندھن کے تعلق سے بھی سوال کیے جائیں گے۔ یہ مردم شماری دو مرحلوں میں کی جائے گی۔ اپریل سے ستمبر تک گھروں کی گنتی اور اس کے بعد اگلے سال فروری میں آبادی کی گنتی کا عمل شروع ہوگا۔