سال 2025 بھارت کے ترقیاتی سفر میں ایک اہم سال رہا ہے۔ اس سال پالیسیوں نے عملی طور پر پیشرفت کی شکل اختیار کی اور ارادے حقیقی اثرات میں تبدیل ہوئے۔ آج اس خصوصی سیریز ’اصلاحات کے سال‘ میں ہم آپ کو 2025 کے دوران مالیاتی شعبے میں بھارت کی پیشرفت سے آگاہ کر رہے ہیں۔
2025 میں مساوات، اختراع، ٹیکنالوجی اور عالمی اثر و رسوخ کے میدان میں بھارت کو بین الاقوامی سطح پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ عالمی بینک نے بھارت کو دنیا کے سب سے زیادہ برابری والے معاشروں میں شامل کیا، جہاں Gini انڈیکس 25 اعشاریہ 5 رہا، جو چین، امریکہ اور تمام G7 اور G20 ملکوں سے بہتر ہے۔
محنت کی بین الاقوامی تنظیم ILO کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں سماجی تحفظ کی کوریج 2015 میں 19 فیصد سے بڑھ کر 2025 میں 64.3 فیصد تک پہنچ گئی۔
بھارت کے ڈیجیٹل سرکاری بنیادی ڈھانچے کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا۔ بین الاقوامی مالی فنڈ IMF نے یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس UPI کو دنیا کا سب سے بڑا بروقت ادائیگی کا نظام قرار دیا، جو عالمی لین دین کے 49 فیصد کو سنبھالتا ہے۔دانشورانہ املاک کی عالمی تنظیم WIPO نے غیر مادّی اثاثوں میں سرمایہ کاری میں بھارت کی مضبوط ترقی کو اجاگر کیا، جو علم پر مبنی معیشت کی جانب منتقلی کی عکاسی کرتی ہے۔
غربت میں کمی ایک بڑی کامیابی کے طور پر سامنے آئی، جہاں گزشتہ ایک دہائی میں 17 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالا گیا۔
ثقافت اور اختراع کے میدان میں بھی بھارت کی حیثیت مستحکم ہوئی۔ یونیسکو کی تسلیم شدہ کامیابیوں کے ساتھ بھارت نے عالمی اختراعی اشاریے میں 38 واں مقام حاصل کیا۔