سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسوم، آج نئی دلّی میں واقع نِگم بودھ گھاٹ پر پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ سکھ گروؤں اور سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اہل خانہ نے آخری رسوم کی ادائیگی سے قبل گربانی سے شَبد پڑھے۔ باضابطہ طور پر گارڈ آف آنر پیش کئے جانے کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ، امت شاہ، جگت پرکاش نڈا اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے نگم بودھ گھاٹ پر سابق وزیراعظم کا آخری دیدار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی رہنماؤں نے، انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دیویدی، بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی، بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اَمر پریت سنگھ، بھوٹان کے شاہ Jigme Khesar Namgyel Wangchuck اور ماریشس کے وزیر خارجہ Dhananjay Ramful نے بھی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آخری رسوم کی ادائیگی کیلئے، اُن کا جسد خاکی کانگریس ہیڈکواٹرس سے نگم بودھ گھاٹ لایا گیا تھا۔ اس سے پہلے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے جسدِ خاکی کو، آخری رسوم کی ادائیگی سے پہلے اُنکی رہائش گاہ سے دلّی میں واقع کانگریس کے ہیڈ کوارٹر لایا گیا تھا، تاکہ عوام کے ساتھ ساتھ پارٹی کے کارکنان اُن کا آخری دیدار کرسکیں۔ ڈاکٹر سنگھ کا انتقال 26 دسمبر کو ایمس نئی دلّی میں ہوا تھا۔×