زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ اس ماہ کی 29 تاریخ سے ایک ملک گیر مہم وِکست کرشی سنکلپ ابھیان کا آغاز کیا جائے گا اور یہ 12 جون تک جاری رہے گی۔ اس مہم کا مقصد کسانوں میں جدید ٹیکنالوجی اور بیج کی نئی اقسام کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ آج نئی دلّی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ ملک کے 723 اضلاع میں یہ مہم چلائی جائے گی اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ کسانوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سائنس دانوں کی ایک ٹیم تقریباً 65 ہزار گاؤوں میں جائے گی اور کھیتی باڑی کی عملی اور سائنسی تکنیکوں سے متعلق تربیت فراہم کرے گی۔
جناب چوہان نے کہا کہ زراعت مستقل طور پر بھارتی معیشت کی اہم بنیاد ہے، جو تقریباً آدھی آبادی کو گزر بسر کا ذریعہ فراہم کرتی ہے اور ملک میں خوراک کی یقینی فراہمی کو بھی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت وکست بھارت کی خاطر یکسر تبدیلی کی ایک مہم جاری ہے اور اس مشن کا مرکز وکست کرشی، وکست کھیتی، سمرُدھ کسان ہے۔ جناب چوہان نے اس بات کو اجاگر کیا کہ بھارت کا مقصد دنیا کیلئے خوراک کا ایک مرکز بننا ہے۔