زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ پی ایم دھن دھانیہ یوجنا اور دالوں کے شعبے میں خود کفالت کا مشن ایسے اقدامات ہیں، جن کا مقصد ملک کو آتم نربھر بنانا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کل نئی دلّی میں پوسا کیمپس سے پی ایم دھن دھانیہ یوجنا اور دالوں کے شعبے میں خود کفالت مشن کا آغاز کریں گے۔ جناب شیوراج سنگھ چوہان نے دوردرشن کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا کہ پی ایم دھن دھانیہ یوجنا کے تحت سرکار کم پیداوار والے 100 ضلعوں کی نشاندہی کرے گی اور پیداوار بڑھانے کی خاطر مخصوص اقدامات نافذ کرے گی۔ وزیر زراعت نے کہا کہ آبپاشی کا دائرہ بڑھنے اور قرضوں تک رسائی کی صورتحال بہتر ہونے سے اِن ضلعوں کے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اس طرح مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کی آمدنی بھی بڑھ جائے گی۔
وزیر موصوف نے اس بات کو اُجاگر کیا کہ بھارت دالوں کی سب سے زیادہ پیداوار اور کھپت والا ملک ہے۔ ساتھ ہی بھارت سب سے بڑا درآمد کار بھی ہے۔ جناب چوہان نے زور دے کر کہا کہ سرکار نے پیداوار، پیداواریت اور کاشتکاری کے علاقے کو بڑھاوا دینے کے لیے دالوں سے متعلق خود کفالت مشن کا آغاز کیا ہے۔