زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ اب تک ملک میں کسانوں کی پیداوار سے متعلق دس ہزار تنظیمیں FPOs قائم کی جاچکی ہیں اور کچھ FPOs کی آمدنی 100 کروڑ روپئے تک پہنچ گئی ہے۔ آج نئی دلّی میں دو روزہ FPO Samagam 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے مطلع کیا کہ ایک ہزار ایک سو FPOs کروڑ پتی بن گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 52 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوا ہے اور حکومت نے اِس پہل کے ذریعے دو کروڑ کسانوں تک پہنچنے کا ہدف رکھا ہے۔
جناب چوہان نے کہا کہ حکومت کا مقصد معیشت کو فروغ دینے اور زرعی پیداوار کو وسعت دینے کیلئے زرعی شعبے میں کھیتی باڑی کو مربوط کرنا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت جلد ہی بیج سے متعلق قانون متعارف کرائے گی تاکہ کسانوں کیلئے اعلیٰ معیار کے بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر موصوف نے ملک کی معیشت میں کسانوں کے تعاون کا ذکر کیا اور کہا کہ زرعی شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پچاس فیصد حصے داری فراہم کی جائے گی۔ اس کانکلیو میں ملک بھر کی24 ریاستوں اور140 اضلاع سے 500 سے زیادہ کسانوں، کسانوں کی پیداوار سے متعلق تنظیموں FPOs اور اسکیم نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے شرکت کی۔