ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج نیو جلپائی گڑی ریلوے اسٹیشن پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اِس ریلوے اسٹیشن کی امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت تزئین نو کی جارہی ہے اور اِسے سبھی جدید سہولتوں سے آراستہ عالمی درجے کا ریلوے اسٹیشن بنایا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت، نیوجلپائی گڑی ریلوے اسٹیشن کی جدید کاری کے پروجیکٹ کی 500 کروڑ روپئے کے بجٹ کے ساتھ مکمل طور پر مالی معاونت کر رہی ہے۔ یہ ریلوے اسٹیشن، نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں داخل ہونے کے اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔ یہ پروجیکٹ 60 ہزار مسافروں کے یومیہ بندوبست کی موجودہ صلاحیت کو دو گنا کرتے ہوئے ایک لاکھ 20 ہزار کردے گا۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ کَل مغربی بنگال میں وزیر اعظم نریندر مودی 12 سے زیادہ نئی ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ممکنہ IT ہب اسٹیشن کے طور پر نیو جلپائی گڑی سے کئی نئی ٹرینیں شروع ہوں گی۔
جناب ویشنو آج نئی دلّی سے باگ ڈوگرہ ہوائی اڈّہ پہنچے اور وہاں سے نیو جلپائی گڑی کیلئے روانہ ہوئے، جہاں سے انھوں نے وزیر اعظم کے ذریعے ہونے والے وندے بھارت سلیپر اور دیگر ٹرینوں کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کیلئے ٹرین کے ذریعے مالدہ کا سفر کیا۔