ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج گجرات میں بھاؤ نگر ریلوے اسٹیشن سے بھاؤ نگر – ایودھیا کینٹ ہفتہ وار ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ وزیرِ موصوف نے Rewa سے پونے اور جبل پور اور رائے پور کے درمیان دو دیگر ریل گاڑیوں کو بھی ورچوئل وسیلے سے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
جناب اشونی ویشنو نے بتایا کہ پچھلے 11 سال میں 34 ہزار کلومیٹر طویل نئی ریل پٹریاں پچھائی گئی ہیں اور بھارتی ریلوے ایک بڑی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے۔ بھاؤ نگر ریلوے اسٹیشن پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے، وزیرِ موصوف نے ریل نیٹ ورک کو فروغ دینے، جدید طرز پر ڈھالنے اور اِسے وسعت دینے کے سرکار کے عہد کو دوہرایا اور ریلویز میں سلامتی اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی بات کہی۔
جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ ملک میں ایک ہزار 300 ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین کاری، دنیا میں اسٹیشنوں کی تزئین کاری کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہے۔
اِس موقع پر مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا اور Nimu Ben Bambhaniya بھی موجود تھے۔
مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ موہن یادو اور چھتیس گڑھ کے وزیرِ اعلیٰ وشنو دیو سائی نے ورچوئل وسیلے سے اِس پروگرام میں شرکت کی۔ اِس موقع پر ریلوے کے وزیر نے گجرات کے تعلق سے مختلف اعلان بھی کئے۔
پوربندر سے راجکوٹ کے درمیان نئی ٹرین خدمات کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے راجکوٹ، پوربندر اور جوناگڑھ ضلعوں میں بنیادی ڈھانچے کو زبردست فروغ حاصل ہوگا۔ مقامی عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے، Saradia اور Vansjalia کے درمیان ایک نئی ریل لائن بچھانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اِس کے علاوہ Ranavav اسٹیشن پر 135 کروڑ 64 لاکھ روپے کی لاگت سے ٹرین کے ڈبوں کی دیکھ بھال سے متعلق ایک جدید ترین مرکز تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے بھاؤنگر بندرگاہ پر ایک نیا کنٹینر ٹرمنل قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اور بھاؤنگر اور سورت کے درمیان جلد ہی ایک نئی وندے بھارت ٹرین شروع کرنے کا وعدہ کیا۔