ریلوے کی وزارت نے کہا ہے کہ اگلے مہینے کی پہلی تاریخ سے صرف وہی صارفین IRCTC ویب سائٹ اور App کے ذریعے آن لائن تَتکال ٹکٹ بُک کرسکیں گے، جنہوں نے اپنے اکاؤنٹ کی آدھار سے تصدیق کی ہو۔ یہ قدم تَتکال ٹکٹوں تک صاف ستھری اور شفاف رسائی کو یقینی بنانے اور مسافروں کے مفاد کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
بھارتی ریلوے نے تَتکال ریلوے ٹکٹ بُکنگ نظام میں کلیدی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ نئی اسکیم کے مطابق اِس سال 15 جولائی سے کمپیوٹرائزڈ مسافروں کے ریزرویشن کے نظام کے کاؤنٹروں پر نیز مجاز ایجنٹوں کے ذریعے تَتکال ٹکٹ بُک کرنے کیلئے آدھار پر مبنی OTP کی تصدیق کرنا لازمی ہوگا۔ ٹکٹوں کی بُکنگ کھلنے کی حساس مدت کے دوران بڑے پیمانے پر بکنگ کو روکنے کیلئے، بھارتی ریلوے کے ٹکٹ بک کرنے والے مجاز ایجنٹوں کو، بکنگ وِنڈو کے شروع ہونے کے پہلے 30 منٹ کے دوران Opening Day تَتکال ٹکٹوں کو بُک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ AC درجوں کیلئے یہ پابندی صبح 10 بجے سے ساڑھے دَس بجے تک اور Non AC درجے کیلئے صبح گیارہ بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک کیلئے ہوگی۔
ریلوے کی وزارت نے کہا ہے کہ یہ تبدیلیاں تَتکال بکنگ میں شفافیت کو بہتر بنانے اور اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے نافذ کی جارہی ہیں کہ اسکیم کے فوائد درست صارفین تک پہنچیں۔ ریلوے کے معلوماتی نظاموں کے مرکز اور IRCTC کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس کے مطابق ضروری نظام جاتی تبدیلیاں کریں اور تمام زونل ریلوے اور متعلقہ محکموں کو اِس بارے میں مطلع کریں۔