رہنماؤں نے اپنی اپنی پارٹی وابستگی سے قطع نظر بھارتی مسلح فوجوں کی طرف سے کیے گئے آپریشن سِندور کی ستائش کی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ آپریشن سِندور، پہلگام میں ملک کے بے قصور شہریوں کی وحشیانہ ہلاکت کے تئیں بھارت کا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بھارت اور اُس کے عوام پر کیے گئے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا عہد کر رکھا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی بھارتی مسلح فوجوں کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ یہ دکھا دے کہ دہشت گردی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ BJP صدر جے پی نڈّا نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا اہل بھی ہے اور اُس نے اس کا عہد بھی کیا ہوا ہے۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے بھی اس جوابی کارروائی کی تعریف کی ہے۔
لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر کہا کہ اُنہیں بھارتی مسلح فوجوں پر فخر ہے۔ DMK کے سربراہ اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اِسٹالن نے کہا کہ تمل ناڈو، دہشت گردی کے خلاف بھارتی فوج کے ساتھ ہے۔ TDP سربراہ آندھراپردیش کے وزیر اعلیٰ این چندر بابو نائیڈو، TMC سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، سماجی وادی پارٹی کے رہنماء اکھیلیش یادو، RJD کے رہنماء تیجسوی یادو، BJD کے صدر نوین پٹنائک نے بھی مسلح فوجوں کی کارروائی پر اُن کی ستائش کی۔ عام آدمی کے کنوینر اروند کیجرایوال نے بھی کہا ہے کہ بھارتی فوج کی ہمت، ہر شہری کا بھروسہ ہے۔ سینئر JDU رہنما اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی کہا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اُسے بھارتی فوج کی ہمت اور شجاعت پر فخر ہے۔ کچھ دیگر پارٹیوں نے بھی یہ کہتے ہوئے اس کارروائی کی تعریف کی ہے کہ اُنہیں بھارت کی مسلح فوجوں پر فخر ہے۔
آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا کامیابی کے ساتھ بدلہ لینے کیلئے بھارتی مسلح افواج کو سلام کیا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کی فیصلہ کُن قیادت کی ستائش کی ہے۔ مرکزی حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی مستحکم قیادت میں دنیا نے بھارت کی مضبوطی اور عزم کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف ملک کے متحد عزم پر زور دیا اور مسلح افواج کی یہ کہتے ہوئے حمایت کی کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور بھارتی مسلح افواج کی مضبوطی کے ساتھ حمایت کرتا ہے۔×