روس کے صدر ولادیمیر پتن نے خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین نے امریکی امن منصوبے سے انکار کیا تو اُس کی فوجیں مزید آگے بڑھیں گی۔ روسی سلامتی کونسل کی ایک میٹنگ میں سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر پتن نے کہا کہ اِس سمجھوتے کو امن کے ایک حتمی حل کیلئے، بنیاد کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ روس کے صدر نے یہ بھی کہا کہ اِس 28 نکاتی منصوبے پر، ابھی تک امریکہ کے ساتھ کوئی تفصیلی بات چیت نہیں ہوئی ہے، لیکن روس کو اُس کی ایک نقل موصول ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین اِس منصوبے کے خلاف ہے، لیکن نہ تو یوکرین اور نہ ہی یوروپی طاقتوں نے اِس حقیقت کو سمجھا ہے کہ روس کی فوجیں، یوکرین میں داخل ہورہی ہیں اور وہ اُس وقت تک آگے بڑھتی رہیں گی، جب تک کہ امن قائم نہیں ہو جاتا۔
اِسی دوران صدر وولودومیر زیلنسکی نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین اپنا وقار اور آزادی یا پھر امریکہ کے امن منصوبے پر واشنگٹن کی حمایت، دونوں میں سے کسی ایک کو کھونے کے خطرے سے دو چار ہے۔