ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

October 23, 2025 9:52 PM

printer

روس نے امریکہ کی جانب سے اُس کی تیل صنعت پر عائد نئی پابندیوں کو خلاف منشا قرار دیا ہے

روس نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اُس کی تیل صنعت پر لگائی گئی نئی پابندیوں سے یوکرین کی جنگ کو ختم کرنے کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ماسکو میں آج ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ روس نے اِن پابندیوں کے خلاف ایک مضبوط مدافعتی نظام تیار کر رکھا ہے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اِس طرح کی کارروائی سے روس کے مقابلے عالمی معیشت کو زیادہ نقصان پہنچے گا۔ محترمہ ماریا نے کہا کہ روس، یوکرین کے معاملے کے سلسلے میں کسی حل کی تلاش کی غرض سے امریکہ کے ساتھ رابطہ جاری رکھنے کیلئے تیار ہے، ساتھ ہی وہ یہ بھی واضح کردینا چاہتا ہے کہ امریکہ کی جانب سے سزا دینے والے اقدامات روس پر دبائو بنانے میں کامیاب نہیں ہوں گے کہ وہ اپنے قومی مفادات سے کوئی سمجھوتہ کرلے۔
اِدھر یوروپی یونین نے برسلز میں روس کے خلاف اپنی تازہ ترین پابندیوں کے پیکیج کا آج اعلان کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے رول کی تیل صنعت کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے ایک دن بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ امریکہ اور یوروپی یونین کی جانب سے عائد پابندیوں کا مقصد روس کی تیل اور گیس کی آمدنی کو متاثر کرنا ہے تاکہ وہ صدر ولادیمیر پتن کو یوکرین جنگ کو ختم کرنے کی غرض سے مذاکرات کرنے پر مجبور کرسکیں۔