روس کے صدر ولادیمیر پوتن بھارت-روس23 ویں سالانہ سربراہ میٹنگ کیلئے آج شام نئی دلّی پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایئر پورٹ پر اُن کا خیر مقدم کیا۔ روس کے صدر کو کل صبح راشٹرپتی بھون میں باضابطہ استقبالیہ دیا جائے گا۔ جناب پوتن، راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ وزیر اعظم مودی اور صدر پوتن، کل حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات کریں گے اور آپسی مفاد کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ بات چیت کے بعد تجارت، معیشت، حفظانِ صحت، اکیڈمکس، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں سمیت کئی مفاہمت ناموں پر دستخط کیے جائیں گے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو بھی روسی صدر سے ملاقات کریں گی اور ان کے اعزاز میں ضیافتی تقریب کا اہتمام کریں گی۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ یہ دورہ، باہمی تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور خصوصی اور مراعات یافتہ شراکت داری کے استحکام کا وژن تیار کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔
بھارت اور روس، اقوام متحدہ، جی ٹوئنٹی، برکس اور SCO جیسے کئی کثیر جہتی پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کو قریبی تعاون فراہم کرتے ہیں۔ مسلسل تبادلوں اور 2023 میں جی20- اور SCO کی بھارتی صدارت اور 2024 میں روس کی برکس کی صدارت کے دوران آپسی تعاون کے ذریعے باہمی تال میل مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ روس نے اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل میں ایک مستقل ممبر کے طور پر بھارت کی امیدواری کی لگاتار حمایت کی ہے۔ پچھلے 78 برسوں میں باہمی تعلقات مضبوط اور مستحکم رہے ہیں۔ بھارت-روس شراکت داری، عصرِ حاضر میں سب سے مضبوط شراکت داریوں میں سے ہے۔
کریملن نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کا آج شام دلّی ایئر پورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ذاتی طور پر استقبال کرنے کے غیر متوقع اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ روس کے صدر کے تاریخی بھارت دورے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کریملن کے ترجمان دِمتری پیسکوف نے کہا کہ یہ، دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اور اسٹریٹجک دوستی کی علامت قرار دیا۔ جناب پیسکوف نے کہا کہ روس اور بھارت کے درمیان نہایت ہی حساس شعبوں میں تعلقات ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ اپنے دوست روسی صدر ولادیمیر پتن کا بھارت میں استقبال کرکے بہت خوش ہیں۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ وہ آج شام دیر گئے اور کَل اُن کے ساتھ اپنی بات چیت کے بارے میں پُر امید ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت-روس فرینڈ شپ ایک آزمودہ امر ہے جس سے وسیع پیمانے پر لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
Site Admin | December 4, 2025 9:44 PM
روسی صدر ولادیمیر پتن، 23ویں بھارت-روس سالانہ سربراہ میٹنگ کیلئے نئی دلّی پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہوائی اڈّے پر صدر پُتن کا استقبال کیا