December 8, 2025 10:12 AM | UNESCO Heritage

printer

روحانی ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق بین حکومتی کمیٹی کا 20 واں اجلاس آج سے نئی دلّی میں شروع ہوگا۔ بھارت نے اس سال روشنی کے تہوار دیوالی کو یونیسکو کے روحانی ورثے کی اپنی فہرست میں نامزد کیا ہے۔

روحانی ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق بین حکومتی کمیٹی کا 20 واں اجلاس آج سے نئی دلّی کے لال قلعے میں شروع ہوگا۔ اس اجلاس کی صدارت یونیسکو میں بھارت کے مستقل نمائندے اور سفیر وِشال وی شرما کریں گے۔

بھارت نے اس سال بھائی چارے، ہمدردی، اجتماعی جشن اور روشنی کے تہوار دیوالی کو یونیسکو روحانی ورثے کی اپنی فہرست میں نامزد کیا ہے۔ ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شخاوت نے بتایا کہ آزادانہ تحقیقی اداروں کی جانب سے جائزہ لی گئی اس تجویز پر اجلاس کے دوران تبادلہئ خیال ہوگا اور حکومت مثبت نتیجے کے تئیں پُر اعتماد ہے۔

اس 6 روزہ تقریب کے دوران یونیسکو ICH فہرستوں کیلئے ریاستی فریقوں کی جانب سے داخل کی گئی نامزدگیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور موجودہ عناصر کی صورتحال پر غور کرتے ہوئے روحانی ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی امداد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انعقاد کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز لال قلعے میں منعقد ہوئی۔ اس موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا کہ بھارت میں کئی یونیسکو ثقافتی مقامات موجود ہیں اور بھارت نے دنیا بھر میں ثقافتی میراث کے تحفظ اور اُنہیں بچانے کے کئی پروجیکٹوں کی ذمہ داری لی ہے۔