ہولی کے موقع پر ملک بھر میں رنگ، موسیقی اور جوش و خروش کے ساتھ تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہولی کے موقع پر شہریوں کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں، انہوں نے کہا کہ رنگوں کا تہوار ہولی، خوشی اور جوش و خروش لے کر آتی ہے۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے بھی اس شاندار تہوار کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں نائب صدر نے کہا کہ ہولی برائی پر اچھائی کی فتح اور موسم بہار کی آمد کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ہولی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر جناب مودی نے کہا کہ خوشی اور مسرت سے بھرپور یہ تہوار ہر ایک کی زندگی میں نیا جوش اور توانائی لائے گا اور ہم وطنوں کے درمیان بھائی چارے کا رنگ مزید گہرا ہوگا۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ہولی کا دہن، تکبّر اور غرور کو ختم کرنے نیز بری عادتوں کو دور کرنے کا ایک موقع ہے۔ گورکھپور میں ہولی کا دہن اتسو سمیتی کے ذریعے منعقدہ بھکت پرہلاد شوبھا یاترا کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھکت پرہلاد کے کردار سے تحریک حاصل کرکے ہر ایک کو صحیح راستے پر چلنا چاہیے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہزاروں سال کی روایت کی پاسداری کرتے ہوئے بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ ہولی منائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارے سے تہوار کا جوش و خروش کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ان کی مرضی کے بغیر رنگ نہ لگائیں۔
Site Admin | March 13, 2025 9:54 PM
رنگ، موسیقی اور جوش و خروش کے تہوار ہولی کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔ صدر جمہوریہ، نائب صدر اور وزیر اعظم نے عوام کو ہولی کی مبارکباد دی ہے