راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش نے کہا ہے کہ بھارت اور یورپی یونین دنیا کی دو سب سے بڑی اور متحرک جمہوریتیں، آزاد منڈی کی معیشتیں اور تکثیریت کے حامل معاشرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور یورپی یونین کے تعلقات مسلسل ترقی کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے یہ بات کل نئی دلّی میں پارلیمنٹ میں یورپی پارلیمنٹ کی بین الاقوامی تجارتی امور سے متعلق کمیٹی INTA کے ایک پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس وفد کی قیادت بھارت کے لیے INTA کی مستقل رپورٹیئر، Cristina Maestre نے کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارت-یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ FTA جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔
نائب چیئرمین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پارلیمانی روابط میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے رواں سال جون میں تمام پارٹیوں پر مشتمل پارلیمانی وفد کے برسلز کے اپنے دورے کو یاد کیا، جو پہلگام میں ہونے والے وحشیانہ دہشت گرد حملے کے بعد کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے باقاعدہ پارلیمانی تبادلے بھارت اور یورپی یونین کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی علامت ہیں۔×