اِدھر راجیہ سبھا میں قومی گیت وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے تعلق سے آج مزید بحث ہوگی۔ کَل بحث کا آغاز کرتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے زور دے کر کہا کہ وکست بھارت کی سمت ملک کے سفر میں قومی گیت کی افادیت برقرار رہے گی۔
وزیر داخلہ نے وندے ماترم پر بحث کرانے کی ضرورت پر سوال اٹھانے اور اِسے مغربی بنگال چناؤ کے ساتھ جوڑنے پر کانگریس کی نکتہ چینی کی۔
بحث میں حصہ لیتے ہوئے راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس نے جدوجہد آزادی کے دوران وندے ماترم کو ایک نعرہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ جب مہاتما گاندھی نے عدم تعاون کی تحریک شروع کی تھی، تو کانگریس سے تعلق رکھنے والے لاکھوں مجاہدینِ آزادی وندے ماترم کا نعرہ لگاتے ہوئے جیل گئے تھے۔