راجستھان میں شدید گرمی کی لہر نے، اس سیزن کے سبھی ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ سری گنگانگر میں کَل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا گیا۔ 7 شہروں میں دن کا درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس کو پار کر گیا ہے۔
فلودی، چورو، چتور گڑھ، ونَستھلی، دوسہ، کوٹا اور بیکانیر میں دن کا درجہ حرارت 45 ڈیگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ زیادہ تر مقامات پر درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے۔ جے پور میں پارہ 44 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔ کئی علاقوں میں لو جیسے حالات نہ صرف دن میں بلکہ رات میں بھی ہیں۔ جھلسا دینے والی گرمی سے معمول کی زندگی بے حد متاثر ہوئی ہے۔ عوام دن کے وقت گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ انتظامیہ نے شدید گرمی سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے مختلف انتظامات کئے ہیں۔ اسپتالوں میں لو لگنے والے مریضوں کیلئے بستر ریزرو رکھے گئے ہیں۔