دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے نئی دلّی میں ایک علیٰ سطحی میٹنگ کے دوران، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا PMGSY کے پیشرفت کا آج جائزہ لیا۔ ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ میٹنگ کے دوران، مرکزی وزیر کو PMGSY کی ریاست وار پیشرفت کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں نیز شمال مشرقی ریاستوں اور چھتیس گڑھ سمیت بائیں بازو کی انتہا پسندی (LWE) سے متاثر خطوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ جناب چوہان نے شمال مشرقی خطے میں ترقیاتی کام کو تیز کرنے کیلئے حکام کو ہدایت جاری کیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ خطے میں جلد ہی ایک خصوصی جائزہ میٹنگ کریں گے۔ انھوں نے حکام سے یہ بھی کہا کہ وہ کام کی رفتار میں اضافہ کریں اور ریاستی سرکاروں کے ساتھ تال میل سے کسی بھی درپیش چیلنج کو فوری طور پر حل کریں۔
انھوں نے زور دے کر کہا کہ سڑک کی تعمیر کے تمام پروجیکٹوں کو اعلیٰ سطح کے معیارات کے مطابق ہونا چاہئے اور انھیں مخصوص کردہ مدت کے اندر پورا کیا جانا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے اس بات کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے کہ پائیدار بنیادی ڈھانچہ تیار ہو جو شمولیاتی دیہی ترقی کی مدد کرتا ہوں۔ میٹنگ میں اس سال دسمبر میں PMGSY کی 25ویں سالگرہ کو ملک گیر پیمانے پر منانے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جناب چوہان نے PMGSY کو ایک تاریخی پہل قرار دیا، جو دیہی ہندوستان میں ایک واضح تبدیلی کا باعث بنی ہے۔