ریلوے نے دیوالی اور چھٹ تہواروں کے دوران مسافروں کی سہولت کیلئے 12 ہزار سے زیادہ خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج نئی دلّی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے یہ بھی اعلان کیا کہ اُن مسافروں کو، جو 13 سے 26 اکتوبر کے دوران کہیں جانے کا سفر اور 17 نومبر سے یکم دسمبر کے درمیان واپسی کا سفر کریں گے، اُنھیں واپسی کے ٹکٹوں پر 20 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اِس پہل کو تہواروں کے اِس سیزن کے دوران نافذ کیا جائے گا اور اِس سے بڑی تعداد میں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ جناب ویشنو نے کہا کہ اِس بات کا فیصلہ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال، مرکزی وزیر للن سنگھ اور رکن پارلیمنٹ سنجے کمار جھا کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد کیا گیا۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ گیا سے دلّی، سہرسا سے امرتسر، چھپرا سے دلّی اور مظفرپور سے حیدرآباد کیلئے چار نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ بھگوان بدھ سے تعلق رکھنے والے اہم مقامات کا احاطہ کرتے ہوئے ایک نئی سرکٹ ٹرین بھی چلائی جائے گی۔
Site Admin | August 21, 2025 9:59 PM
دیوالی اور چھٹ تہواروں کے دوران ریلویز 12 ہزار خصوصی ریل گاڑیاں چلائے گا
