اتراکھنڈ میں دہرہ دون کے Sahastra Dhara علاقے میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش نے ریاستی راجدھانی میں روزمرہ کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے بروقت امدادی اور بچاؤ کارروائی کے ذریعے تقریباً 100 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ شہر کے کئی دیگر علاقوں میں بھی مسلسل بارش کے باعث سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے متاثرہ علاقوں کا زمینی سطح پر معائنہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو فوری طور پر راحتی سامان، محفوظ پناہ گاہ، خوارک، صاف پانی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ہر متاثرہ کنبے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
موسمیات کے محکمے نے دہرہ دون، نینی تال اور چمپاوت ضلعوں میں آج شدید بارش کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ موسمیات کے محکمے نے ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ اِس دوران وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے آج فون پر اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے بات کی اور ریاست میں شدید بارش سے پیدا شدہ حالات کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے ریاست کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا اور کہاکہ مرکزی سرکار آفت کی اِس گھڑی میں مضبوطی سے کھڑی ہے۔