مہاکمبھ آج رات مہا شو راتری کے مبارک موقع پر ختم ہو رہا ہے۔ 45 روزہ اِس روحانی تقریب میں اب تک 66 کروڑ 21 لاکھ سے زیادہ عقیدتمند پوتر ڈبکی لگا چکے ہیں۔ بہت سی اہم شخصیتوں نے بھی کمبھ کا دورہ کیا۔ اِن میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، بھوٹان کے شاہ جگمے کھیسر نامگیال وانگ چُک، غیرملکی وفود اور مختلف ریاستوں کے گورنروں اور وزراء اعلیٰ کے ساتھ ساتھ مرکزی وزراء شامل ہیں، جنہوں نے سنگم میں پوتر ڈبکی لگائی۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ آج شام 6 بجے تک ایک کروڑ 44 لاکھ سے زیادہ عقیدتمندوں نے پوتر ڈبکی لگائی۔ پیش ہے ایک رپورٹ
اِس سال کا مہا کمبھ، روحانیت اور عوامی اجتماع کے ایک بڑے مرکز کے طور پر سامنے آیا ہے۔ آج مہا شوراتری کے موقع پر آخری ڈبکی کی تقریب بھی نہایت ہی اہمیت کی حامل رہی۔ بہت سے عقیدتمندوں نے سنگم میں ڈبکی لگانے کے بعد شہر میں شیو مندروں کا دورہ کیا۔ مہاکمبھ میلہ علاقے میں بھارتی فضائیہ کا ایک ایئر شو اور اترپردیش سرکار کی طرف سے گھاٹوں پر گلاب کی پتیاں نچھاور کرنے کا واقعہ عقیدتمندوں کیلئے ایک یادگار تجربہ بن گیا۔ آمد و رفت کے بہتر انتظام کے ساتھ ساتھ حکام نے مربوط کمانڈ اور کنٹرول سینٹر سے صورتحال کا جائزہ لیا۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اِس موقع پر عقیدتمندوں، سنتوں اور کَلپ واسیوں کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ عقیدتمندوں نے سنگم میں ڈبکی لگاکر پوری دنیا کو قومی اتحاد اور نیشنلزم کے تئیں اپنے آپ کو وقف کرنے کا پیغام دیا ہے۔
آکاشوانی نیوز سے بات کرتے ہوئے مہاکمبھ کے عقیدتمندوں نے آخری دن اپنے اپنے روحانی تجربات کو مشترک کیا۔
مہاکمبھ 2025 نے دنیا بھر کے عقیدتمندوں کو ایک یادگاری روحانی اور ثقافتی سفر سے روسناش کرایا ہے، جو سالوں تک یاد رکھا جائے گا۔