70 رکنی دِلی اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی مہم تیز ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم اور BJP کے سینئر لیڈر جناب نریندر مودی، سینئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال آج دِلی کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔
جناب مودی ’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘ پروگرام کے تحت نمو ایپ کے ذریعہ پارٹی کے بوتھ سطح کے کارکنوں سے بات چیت کریں گے۔ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ، قانون ساز اسمبلی کے ارکان، کاؤنسلر اور دیگر عہدے داران بھی اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
راہل گاندھی آج شام صدر بازار اسمبلی حلقے کے اندرلوک علاقے میں پارٹی کے امیدوار کی حمایت میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
اروند کجریوال تین ریلیاں کریں گے، جبکہ عام آدمی پارٹی کے ایک اور لیڈر اور پنجاب کے وزیراعلیٰ روڈ شو کریں گے۔ حکمراں عام آدمی پارٹی اپنی چوتھی مدت کیلئے اس کی طرف سے صحت، بجلی، پانی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں کئے گئے اقدامات کو اُجاگر کرکے ووٹروں کو راغب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
دوسری طرف BJP حکومت کی مبینہ بدانتظامی، ادھورے وعدوں اور مبینہ بے ضابطگیوں خصوصاً شراب گھپلے کو اُجاگر کرکے عام آدمی پارٹی کو حکومت سے ہٹانے کی کوششیں کررہی ہے۔
کانگریس لوگوں کو شیلا دکشت کی حکومت میں کئے گئے کاموں اور حکمراں پارٹی کی مبینہ ناکامیوں کی یاد دلانے کی پوری کوشش کررہی ہے۔