August 20, 2025 2:43 PM

printer

دلّی پولیس نے، دلّی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے

دلّی پولیس نے، دلّی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ حملہ قومی راجدھانی میں اُن کی رہائش گاہ پر ہوا تھا۔ BJP نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ دلّی BJP کے صدر ویریندر سچدیوا نے بتایا کہ موقع پر موجود لوگوں نے ملزم کو پکڑ لیا اور پولیس نے مزید تفصیلات حاصل کرنے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے وزیراعلیٰ کا طبی معائنہ کیا ہے اور فی الحال اُن کی حالت مستحکم ہے۔
دلّی کابینہ میں وزیر پرویش صاحب سنگھ نے بھی دلّی کی وزیراعلیٰ پر ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب سنگھ نے کہا کہ یہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے اور جمہوری اقدار پر براہ راست حملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کی کسی کوشش کو، کسی حال میں بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عام آدمی پارٹی کی رہنماء اور دلّی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں آتشی نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج اور اختلاف رائے کیلئے جگہ ہے، لیکن تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔