دلّی میں، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے قومی راجدھانی میں ہوا کے معیار کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سبھی اسکولوں کو نویں جماعت تک کی اور گیارہویں جماعت کی کلاسز ہائبرڈ طریقہئ کار سے چلانے کی ہدایت دی ہے۔ البتہ دسویں اور بارہویں جماعت کی کلاسز حسب معمول جاری رہیں گی۔ یہ ہدایت ہوا کے معیار کے بندوبست سے متعلق کمیشن CAQC کے بعد جاری کی گئی ہے، جس نے دلّی اور قومی راجدھانی خطّے میں فضائی آلودگی کی بگڑتی صورتحال کے مدنظر GRAP کے چوتھے مرحلے کو فوری طور سے نافذ کر دیا ہے۔ GRAP کے چوتھے مرحلے کے تحت دلّی میں سبھی طرح کی تعمیراتی سرگرمیوں اور غیر ضروری ساز و سامان لانے والے اور فضائی آلودگی بڑھانے والے ٹرکوں پر پابندی عائد ہو گئی ہے۔
قومی راجدھانی خطّے میں کئی مقامات پر ہوا کے معیار کا اشاریہ، AQI، چارسو سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے بعد اس فیصلے کا اطلاق ہوا ہے۔
حکومت نے شہر کے سبھی سرکاری اور پرائیویٹ دفتروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کم از کم 50 فیصد افرادی قوت کو ورک فروم ہوم یا گھر سے کام پر لگائیں۔ اسی طرح کی ایک ہدایت GRAP تھری اقدامات کے نفاذ کیلئے 24 نومبر کو بھی جاری کی گئی تھی، تاہم اِن پابندیوں کو بعد میں ہٹا لیا گیا تھا۔ ×