خوراک کی حفاظت اور معیارات سے متعلق بھارتی اتھارٹی FSSAI نے آیوش کی وزارت کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے آیوروید AAHARA کے زمرے کے تحت آیورویدک کھانے کی تیاریوں کی ایک حتمی فہرست جاری کی ہے۔ یہ اہم قدم 2022 میں خوراک کی حفاظت اور معیارات آیور وید AAHARA ضابطوں کے متعارف ہونے کے بعد، بھارت کی آیورویدک خوراک کی حکمت کو مرکزی دھارے میں شامل کرتا ہے۔
یہ ضابطے مستند آیورویدک متون سے ترکیبوں، اجزاء اور عمل پر مبنی کھانوں کو پہچانتے ہیں۔ نئی فہرست صارفین اور کاروبار کے لیے بے مثال وضاحت اور اعتماد پیدا کرتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد آیوروید Aahara پروڈکٹس تیار کرنے کے لیے ایک واضح اور معتبر حوالہ فراہم کرتے ہوئے فوڈ بزنس آپریٹرز کی مدد کرنا ہے۔
آیوش کے وزیر مملکت پرتاپ راؤ جادھو نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں آیوروید آہار کو صحت کے فوائد کے لیے شامل کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وقت کی کسوٹی پر کھری اتری یہ مقوی غذا نہ صرف جسم کی پرورش اور پرداخت کرتی ہے بلکہ قوتِ مدافعت، ہاضمے کے نظام کو بھی مستحکم کرتی ہے اور مجموعی طور پر تندرستی اور صحت مندی کو فروغ دیتی ہے۔
یہ اقدام صنعت کے شراکت داروں کے لیے ضابطوں سے متعلق وضاحت میں اضافہ کرنے اور صحت عامّہ کے بہتر نتائج کے لیے آیوروید پر مبنی تغذیہ کو بڑے پیمانے پر اپنانے کو فروغ دینے کے لیے ایک بیحد اہم لمحہ ہے۔x