خلائی تحقیق کی بھارتی تنظیم ISRO آج شام ملک کے سب سے زیادہ وزن کے مواصلاتی سیٹلائٹ CMS-03 کو لانچ کرے گی۔ اِسے آج شام پانچ بجکر 26 منٹ پر آندھرا پردیش میں سری ہری کوٹہ میں ستیش دھون خلائی مرکز سے چھوڑا جائے گا۔ اِس مشن کا مقصد دور دراز کے خطوں میں ڈیجیٹل کنکٹیویٹی کو بڑھاوا دینا اور بحریہ کی مواصلاتی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
اِسے ملک کے سب سے طاقتور خلائی راکٹ LVM3 کے ذریعے چھوڑا جائے گا۔
اِس لانچ کیلئے 24 گھنٹے کی اُلٹی گنتی سری ہری کوٹہ کے کنٹرول مرکز میں کَل شام شروع ہوئی اور اب سائنسداں آج کامیاب لانچ کیلئے آخری لمحات کی جانچ وغیرہ کررہے ہیں۔ یہ راکٹ سری ہری کوٹہ کے پہلے لانچ پیڈ سے چھوڑا جائے گا۔ LVM3 راکٹ بھارت کا سب سے زیادہ وزن والا خلائی راکٹ ہے اور یہ چار ہزار کلوگرام تک کے سیٹلائٹ کو خلاء میں لے جاسکتا ہے۔ اِس کے ذریعے چاند پر چندریان سوئم جیسے مشنوں کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا اور اِس طرح بھارت چاند کے قطبِ جنوبی کے نزدیک پہنچنے والا دنیا کا پہلا ملک بنا۔
LVM3-M5 کی یہ پانچویں پرواز ہوگی۔ CMS-03 کے پے لوڈس میں Voice اور ڈیٹا کیلئے ٹرانسپونڈرس نیز سی بینڈ، Extended C بینڈ اور Ku بینڈ پر ویڈیو لنک شامل ہوں گے۔ مذکورہ سیٹلائٹ سے بحریہ کیلئے کنکٹیویٹی کو نمایاں فروغ حاصل ہوگا۔ ساتھ ہی دور دراز کے علاقوں کیلئے ڈجیٹل رسائی میں بھی بہتری آئے گی۔ اِس سے سویلین ایجنسیوں کو مدد ملے گی اور کلیدی ایپلی کیشنز میں بہتری آسکے گی۔