بھارتی خلائی تحقیق کی تنظیم ISRO نے آج آندھرپردیش میں سری ہری کوٹہ سے اگلے دور کے امریکہ کے ایک مواصلاتی سیارچے بلو برڈ بلاک-2 کو خلا میں روانہ کیا۔ اِسے سب سے زیادہ وزنی راکٹ LVM 3 – M6 کے ذریعے بھارتی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 55 منٹ پر ستیش دھون خلائی اسٹیشن سے روانہ کیا گیا۔
تقریباً 15 منٹ کے سفر کے بعد، سیارچہ بلو برڈ بلاک-2، راکٹ سے الگ ہو گیا اور یہ اپنے مقررہ مدار میں کامیابی کے ساتھ داخل ہو گیا۔
اِس موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے اِسرو کے چیئرمین وی نارائنن نے بلو برڈ بلاک-2 مواصلاتی سیارچے کو کامیابی سے داغے جانے کی ستائش کی ہے۔
بلو برڈ بلاک-2 مشن، عالمی Low Earth Orbit Constellation کا ایک حصہ ہے، جس کا مقصد سیٹلائٹ کے ذریعے ”ڈائریکٹ ٹو موبائل“ کنکٹی ویٹی فراہم کرنا ہے۔ اِس سے ہر ایک کیلئے ہر وقت اور ہر جگہ 4G اور 5G کے ذریعے فون اور ویڈیو کال کرنا آسان ہوجائے گا۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے LVM3-M6 مشن کو کامیابی کے ساتھ روانہ کیے جانے پر اِسرو کو مبارکباد دی ہے۔ سوشل میڈیا کی پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اِسرو کا یہ کارنامہ بھارت کے خلائی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔