خلائی تحقیق کا بھارتی ادارہ، ISRO آج شام ملک کا سب سے وزنی مواصلاتی سیارچہ، CMS-03 لانچ کرے گا۔ اس سیارچے کو بھارتی وقت کے مطابق شام پانچ بجکر 26 منٹ پر آندھراپردیش کے سری ہری کوٹہ میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے داغا جائے گا۔ CMS-03 ایک ملٹی بینڈ فوجی مواصلاتی سیارچہ ہے، جسے GSAT-7R کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اسے ملک کے سب سے طاقتور راکٹ، لانچ وہیکل مارک-تھری، LVM3 سے داغا جائے گا۔ اِسرو نے کہا ہے کہ ملٹی بینڈ مواصلاتی سیارچہ، CMS-03، بھارت کے زمینی رقبے سمیت وسیع تر سمندری خطّے میں خدمات فراہم کرے گا۔
ملک کے سب سے وزنی مواصلاتی سیارچے، CMS-03 کے لانچ کی 24 گھنٹے کی اُلٹی گنتی، کَل شام سری ہری کوٹہ کے کنٹرول سینٹر میں شروع ہو گئی۔ آج ہونے والے لانچ کو کامیابی بنانے کے لیے سائنسداں انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔ راکٹ کو سری ہری کوٹہ کے پہلے لانچ پیڈ سے داغا جائے گا۔ LVM-3 راکٹ بھارت کی سب سے وزنی لانچ وہیکل ہے، جو خلا میں 4 ہزار کلو تک کا وزن لے جا سکتی ہے۔ اس وہیکل نے چاند پر چندریان-تھری جیسے مشن کامیابی سے انجام دیے ہیں اور بھارت کو چاند کی سطح کے قطبِ جنوبی کے قریب پہنچانے والا پہلا ملک بنایا ہے۔ یہ LVM3-M5 کی پانچویں آپریشنل پرواز ہوگی۔ CMS-03 کے Payload میں وائس، ڈیٹا اور ویڈیو لِنکس کے لیے ٹرانسپونڈر، ایکسٹینڈڈ-سی اور KU Bands شامل ہیں۔
اس سیارچے کی بدولت بحریہ کی کنیکٹی وِٹی کو تقویت ملے گی۔ ساتھ ہی زیادہ صلاحیت والی بینڈ وِڈتھ ملے گی، جس سے دوردراز کے علاقوں میں ڈیجیٹل رسائی میں بہتری آئے گی۔ اِس سیارچے کے ذریعے شہری ایجنسیوں کے استعمال اور اسٹریٹیجک استعمال میں اضافے جیسے دونوں مقاصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔×