خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے آج نئی دلّی میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے محکمے کی نائب وزیر محترمہ Sun Haiyan سے ملاقات کی۔ ایک بیان میں، وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور ان تعلقات کو از سرِ نو تشکیل دینے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں کاروباری رشتے اور عوام سے عوام کے رابطے کو ترجیح دی گئی اور نئے سال میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے طور طریقوں پر بات چیت کی گئی۔ میٹنگ کے دوران دونوں فریقوں نے اپنے اپنے رہنماؤں کی جانب سے دی گئی اہم ہدایات پر عمل درآمد اور دو طرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خارجہ سکریٹری نے باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بہتر دو طرفہ تعلقات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی خاطر مثبت اقدامات کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔محترمہ Sun Haiyan نے اپنے دورے کے بارے میں خارجہ سکریٹری کو آگاہ کیا، جس میں بھارتی میڈیا، تھنک ٹینکس اور سیاسی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت شامل تھی۔ انہوں نے، اس سال بھارت کے BRICS کی صدارت سنبھالنے پر بھارت کو مبارکباد دی اور بھارت میں ایک کامیاب BRICS سربراہ کانفرنس کے انعقاد کیلئے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
Site Admin | January 14, 2026 9:47 PM
خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے آج نئی دلّی میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے محکمے کی نائب وزیر محترمہ Sun Haiyan سے ملاقات کی