خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے آج کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمر پوتن کے درمیان بات چیت میں مجوزہ آزادانہ تجارتی معاہدے پر توجہ مرکوز کی گئی، جو بھارت اور یوریشیائی اقتصادی یونین کے درمیان زیر غور ہے۔
آج شام نئی دلی میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے، جناب مسری نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ معاہدہ تجارتی خسارے سے متعلق مسائل کا حل نکالنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ طے شدہ مدّت کے دوران جلد حل کے لئے تبادلہئ خیال کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
خارجہ سکریٹری نے کہا کہ بھارت-روس دفاعی اور فوجی تکنیکی تعاون بیحد مضبوط ہے۔ انھوں نے اجاگر کیا کہ روس اِس شعبے میں ہمیشہ بھارت کی میک اِن انڈیا پہل کی حمایت کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ عالمی اور کثیر رخی مسائل پر انھوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے عالمی گورننس میں اصلاحات کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انھوں نے موجودہ زمانے کی حقیقتوں کے تناظر میں اقوام متحدہ سلامتی کانسل میں اصلاحات کرنے پر بھی زور دیا۔