December 1, 2025 9:54 PM

printer

حکومت نے کہا ہے کہ وہ ووٹر فہرستوں سے متعلق SIRاور دیگر معاملات پر بحث کے خلاف نہیں ہے۔

پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے آج راجیہ سبھا میں اِس بات پر زور دیا کہ حکومت ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی اور دیگر معاملات پر بحث کے خلاف نہیں ہے۔ جناب رجیجو ایوان میں اِن معاملات پر فوری طور پر بحث کا مطالبہ کرنے والے اپوزیشن ارکان کو جواب دے رہے تھے۔ وزیر موصوف کے جواب سے مطمئن نہ ہوتے ہوئے مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے ایوانِ بالا سے واک آئوٹ کیا۔
موسم سرما کے اجلاس کے آج پہلے دن لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ لوک سبھا کی کارروائی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے شور وغل کے درمیان کئی بار ملتوی کی گئی۔
لوک سبھا کی کارروائی دوسری بار ملتوی کئے جانے کے بعد جب دوپہر دو بجے پھر شروع ہوئی تو ایوان میں  شور وغل کے درمیان صوتی ووٹ سے منی پور کے اشیا اور خدمات سے متعلق ٹیکس دوسرے ترمیمی بل کو منظوری کیا گیا۔ اس سے قبل جب آج صبح11 بجے لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان کے سابق ممبران کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور اُنھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ایوان نے بینائی سے محروم خواتین کی بھارتی ٹی-ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کو خواتین کا ICC عالمی کپ 2025 جیتنے پر مبارکباد دی۔راجیہ سبھا کی کارروائی بھی کَل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔