حکومت نے، کل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل آج سبھی سیاسی جماعتوں کی ایک میٹنگ بلائی ہے۔ میٹنگ کے دوران حکومت یہ چاہے گی کہ تمام سیاسی پارٹیاں کارروائی کے دوران تعاون کریں، جس سے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلائے جانے کو یقینی بنایا جا سکے۔
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس، جو اس ماہ کی 21 تاریخ سے شروع ہوگا، 21 اگست تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے دوران دونوں ایوانوں کی کُل 21 نشستیں ہوں گی۔ میڈیا کے افراد سے بات کرتے ہوئے، پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بتایا کہ حکومت اہم معاملات پر بحث کرنے کے لیے تیار ہے، جو پارلیمنٹ میں اُٹھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ جَن وشواس (ترامیم کی گنجائش سے متعلق) بل 2025، نیشنل اسپورٹس گورننس بل 2025 اور مرچنٹ شپنگ بل 2024 سمیت اہم بل بحث اور اُنہیں منظور کرنے کے لیے اُٹھائے جانے کی توقع ہے۔
اجلاس سے قبل اپنی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے اپوزیشن، I.N.D.I.A بلاک کے لیڈروں کی میٹنگ کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوئی تھی۔ میٹنگ کے دوران کئی اہم معاملات اُٹھائے جانے کے لیے پارٹیوں کے درمیان اتفاق رائے طے پایا گیا۔